ﷲ کے محبوب بن جاؤ
ﷲسبحانہ وتعالیٰ نے انسان کی ہدایت کے لیے اپنی کتابیں نازل فرمائیں۔ ان کتابوں میں زندگی گزارنے کا مکمل دستور عطا فرمایا۔ کتابوں کی تشریح بھی فرمائی اور ان کا عملی نمونہ پیش کرنے کے لیے اپنے پیغمبروں اور رسولوں کو بھی بھیجا۔ اسی طرح اللہ سبحانہ وتعالی نے سارے عالم کے لیے اور قیامت تک کے لیے جو کتاب ہدایت نازل فرمائی وہ قرآن کریم ہے اور اس کا عملی نمونہ نبی آخرالزماں ہمارے آقا ﷺ ہیں۔ اور آپ ﷺ کی حیات مقدسہ میں نہ صرف ہمارے لیے زندگی گزارنے کا مکمل نمونہ ہے بلکہ آپ ﷺ کی اتباع سے ہی ہمیں اللہ کی محبت حاصل ہوتی ہے۔
جیسا کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا: اے حبیب ﷺ ! آپ فرما دیں کہ اگر تم ﷲ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو تب ﷲ تمہیں اپنا محبوب بنا لے گا اور تمہارے لیے تمہارے گناہ معاف فرما دے گا۔ ﷲ نہایت بخشنے والا مہربان ہے سورۃ آل عمران آیت 31
امام حافظ ابن کثیر اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ: تیرا اللہ سے محبت کرنا اس بات کی ضمانت نہیں ہے کہ اللہ بھی تجھ سے محبت کرتا ہے لیکن تیرا اللہ کے حبیب ﷺ سے محبت کرنا اور ان کی اتباع کرنا اس بات کی ضمانت ضرور ہے کہ اللہ تمہارے ساتھ محبت کرتا ہے۔
یعنی جس کو اللہ کی محبت درکار ہو تو اسے چاہیے کہ سنتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا شعار بنا لے اور زندگی کے ہر قدم، ہر شعبے اور ہر مرحلے میں سنتِ رسول ﷺ کی اتباع کر لے تو اللہ کا وعدہ ہے کہ اللہ تعالی اس سے محبت فرمائے گا اور اس کے گناہوں کو معاف فرما دے گا۔
کیونکہ حقیقت میں جس نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی تو بے شک اس نے اللہ ہی کی اطاعت کی سورۃالنساء آیت 80 رسول اللہ ﷺ کی اتباع کی تاکید کرتے ہوئے اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:جو کچھ رسول اللہ ﷺ تمہیں عطا فرمائیں اسے لے لیا کرو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں تو اس سے رک جایا کرو سورۃالحشر آیت 7
اور جو لوگ نبی کریم ﷺ کی اتباع نہیں کرتے تو ان کے بارے میں آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ساری امت جنت میں جائے گی سوائے ان کے جنہوں نے انکار کیا۔ صحابہ نے عرض کی: یا رسول اللہ ﷺ ! انکار کون کرے گا؟ فرمایا: جو میری اطاعت کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو میری نافرمانی کرے گا اس نے انکار کیا (بخاری شریف 7280)
نبی کریم ﷺ کی اطاعت و اتباع ہی ہماری کامیابی کی ضامن ہے۔ اس لیے آج اس بات کی ضرورت ہے کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کیا جائے اور زندگی کے ہر موڑ پر آپ ﷺ کی اطاعت کو لازمی اختیار کیا جائے۔
اللہ سبحانہ وتعالی ہمیں اپنے نبی کریم ﷺ کی مکمل اتباع کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنی محبت و قرب عطا فرمائے۔ آمین ❤️ ❤️
No comments:
Post a Comment